ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تیل کی قیمتوں کے معاملے پر اپوزیشن بضد، نہیں چل سکی پارلیمنٹ

تیل کی قیمتوں کے معاملے پر اپوزیشن بضد، نہیں چل سکی پارلیمنٹ

Wed, 10 Mar 2021 11:40:58    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍ مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کی سربراہی میں اپوزیشن پارٹیوں نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر بات چیت کا مطالبہ کرنے کیلئے راجیہ سبھا اور لوک سھا میں آج مسلسل دوسرے دن ہنگامہ کھڑا کردیا، جس کی وجہ سے کارروائی دو بار ملتوی کرنے کے بعد ایوان دن بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے منگل کے روز بھی ایوان میں کوئی بھی قانون ساز کام نہیں ہو سکا اور اس کی کارروائی پہلے بارہ بجے، پھر دو بجے اور بعد میں پورے دن کیلئے ملتوی کردی گئی۔ اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پیر کو بھی کارروائی شروع نہیں ہوسکی۔جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی، راجیہ سبھا میں ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے وزیر اطلاعات و ٹکنالوجی روی شنکر پرساد سے صلح اور ثالثی ترمیمی بل 2021   ایوان میں پیش کرنے کو کہا۔

اس پر اپوزیشن لیڈر ملیکا ارجن کھرگے نے ایوان میں بحث کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے زبردست اضافے کی وجہ سے عوام پر چوطرفہ اثر کا معاملہ اٹھایا۔مسٹر ہری ونش نے کہا کہ انہوں نے بار بار کہا ہے کہ چیئرمین کی اجازت کے بغیر اس مسئلے پر بات نہیں کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ممبروں نے اس مسئلے پر توجہ دی ہے اور اس کے علاوہ، اراکین تخصیص بل اور وزارتوں کے کام کے بارے میں بات چیت کے دوران بھی اپنی بات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے فیصلے پر ازسر نو غور نہیں کیا جاسکتا۔لہٰذا اپوزیشن اراکین کو کارروائی کرنے دیں کیوں کہ ایوان میں ایک اہم بل پر تبادلہ خیال ہونا ہے جو ایک آرڈیننس کی جگہ لے گا۔

مسٹر کھرگے نے کہا کہ یہ بہت اہم مسئلہ ہے اور ایوان میں پہلے اس پر بحث ہونی چاہئے۔ اپوزیشن کسی بھی بل کو روک نہیں رہی ہے۔مسٹر پرساد نے بھی اپوزیشن اراکین سے اہم بل کو پاس کرانے میں تعاون کرنے کو کہا لیکن اپوزیشن اراکین نے ان کی بات نہیں مانی۔اس کے بعد ڈپٹی چیئرمین نے ہنگامے کے درمیان ہی بل پر بحث کرانے کی کوشش کی تو ایوان میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے کہاکہ ایوان کی روایت رہی ہے کہ جب تک اپوزیشن کے ذریعہ اٹھائے گئے مسئلوں کا حل نہیں کیا جاتا ہے تب تک اور کوئی کام نہیں ہوگا۔


Share: